پولیس و سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، ڈکیت گروہ کے 2 سہولت کار، 4 مشتبہ افراد گرفتار

جمعرات 14 اگست 2025 19:10

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)ڈی پی او کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ پولیس و CTDکا تحریک طالبان ٹیپو گل گروپ کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن ،سی پیک سمیت مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں و ڈکیتیاں کرنیوالے گروہ کے 2سہولت کار اور 4مشتبہ افرادگرفتار، گرفتار سہولت کاروں سے وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ ایمونیشن،دستی بم اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا،ڈی پی او ڈیرہگروہ کے دیگر کارندوں کو بھی بہت گرفتار کرلیں گے،کوئی قانون سے بچ نہیں سکتا،سجاد احمد صاحبزادہ کی پریس کانفرنس ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ پولیس اور سی ٹی ڈی نے غیر قانونی ناکہ بندیوں،دہشت گردی،اغوا کاری،ڈکیتی سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کیخلاف لکی ڈپو بانڈری پہاڑی سلسلہ نزد عبدالخیل،شہبازی شاہ حسن خیل میں فتنہ الخوارج تحریک طالبان (ٹیپو گل مروت گروپ)کیخلاف انٹلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اعجاز شہید پولیس لائن میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے ایس پی پہاڑپور، ایس پی سی ٹی ڈی اور ایس ایچ او پنیالہ کے ہمراہ میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ٹارگٹڈ آپریشن میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کار اور 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ انکے ٹھکانوں کو مسمار کردیا گیا ۔ گرفتار دونوں ملزمان دہشت گردوں کے بھائی اور والد ہیں جن کے قبضہ سے 2عدد کلاشنکوف معہ ، 2عدد ہینڈگرنیڈ، 650گرام بارود،1 عدد پسٹل 30بور، 57عدد کارتوس مختلف بور برآمد ہوئے ۔

ڈی پی او ڈیرہ نے مزید بتایا کہ سی پیک سمیت مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کرنیوالے اور ڈکیتیاں کرنیوالے گروہ کے دیگر کارندوں کو بھی بہت گرفتار کرلیں گے ۔ کسی کو عوام الناس کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینگے ۔ دہشت گرد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں ۔