یوم آزادی کے موقع پر سنٹرل جیل میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 19:30

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جمعرات کی صبح سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور حامد اعظم نے پرچم کشائی کی۔ قومی ترانے پر سٹاف کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اختر حسین شاہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محی الدین شاہ، تمام اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، جیل سٹاف، ایف سی کے ملازم اور ایلیٹ فورس کے سٹاف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پرچم کشائی کے بعد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور شہداءکیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور بلند آواز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل آف پریسنز عثمان محسود کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے 7 اگست سے لےکر 14 اگست 2025ءتک معرکہ حق آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں 7 اگست کو جیل کے اندر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، 8 اگست کو اندرون اور بیرون جیل صفائی کی مہم چلائی گئی،9 اگست کو قیدیوں کے درمیان تقاریر کا مقابلہ کرایا گیا، 10 اگست کو قیدیوں کے درمیان لڈو اور کیرم کے مقابلے کروائے گئے، 11 اگست کو ایڈمنسٹریشن بلاک پر پاکستان کے جھنڈے اور مختلف بینرز نصب کئے گئے، 12 اگست کو قیدیوں کے درمیان پاکستان کے جھنڈے تقسیم کئے گئے، 13 اگست کو جیل کی عمارت کو خوبصورت اور رنگین لڑیوں سے سجایا گیا جبکہ ساتھ ہی ساتھ 14 اگست کو ہونے والی تقریب کی ریہرسل بھی کی گئی ۔

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔