سبز ہلالی پرچم صرف کپڑا نہیں، ہمارے ایمان، اتحاد اور قربانی کی علامت ہے، بیرسٹر ڈاکٹرسیف

جمعرات 14 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے یوم آزادی کے موقع پر عوام اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو مبارک باد دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14 اگست صرف ایک تاریخ نہیں ،یہ ہمارے خون کی خوشبو اور قربانیوں کی روشنی ہے، یہ وہ دن ہے جب ہمارے بزرگوں نے اپنی جان، مال اور گھر بار قربان کر کے ہمیں ایک آزاد فضا میں سانس لینے کا حق دلایا اس لئے ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے وطن کی حفاظت کو اپنی ایمان کی طرح عزیز رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سبز ہلالی پرچم صرف ایک کپڑا نہیں، یہ ہمارے ایمان، اتحاد اور قربانی کی علامت ہے، آج کے دن ہم سب مل کر یہ وعدہ کریں کہ ہم نفرت نہیں محبت بانٹیں گے،پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی منزل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہمارے پاکستان کو سلامت رکھے اور ہمیں اپنی قربانیوں کا حق ادا کرنے کی توفیق دے۔