وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ریگی میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین

جمعرات 14 اگست 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ریگی میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے انتہائی مطلوب بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر کے پی کے پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 18 مقدمات میں مطلوب بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا خاتمہ سی ٹی ڈی اور پولیس کی بڑی کامیابی ہے،کے پی کے پولیس اور سی ٹی ڈی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔