سیالکوٹ پولیس کا چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں جامع سکیورٹی پلان جاری

جمعہ 15 اگست 2025 13:34

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) سیالکوٹ پولیس نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں جامع سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں کل 6 جلوس اور 10 مجالسِ عزا منعقد ہوں گی، جن میں اے کیٹگری کا 1، بی کیٹگری کا 1 اور سی کیٹگری کے 4 جلوس شامل ہیں، جبکہ کیٹگری سی کی 10 مجالس ہوں گی۔سکیورٹی کے لیے2ہزارسے زائد پولیس افسران و اہلکارتعینات کیے گئے ہیں، جبکہ سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس بھی ڈیوٹی سرانجام دے گی۔

(جاری ہے)

کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کی 5 کمپنیاں سٹینڈ بائی رہیں گی۔

تمام جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ ڈی پی او آفس میں قائم سیف سٹی آپریشنز مانیٹرنگ سینٹر سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، خار دار تاریں اور سٹیل بیریئرز نصب ہوں گے، جبکہ جامع تلاشی کے لیے چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ چھتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے، ایمبولینسز و ریسکیو ٹیمیں ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کے لیے موجود رہیں گی۔

اس موقع پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ تمام جلوس و مجالس کی بروقت روانگی اور اختتام کو یقینی بنایا جائے، اور لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال، وال چاکنگ، نفرت انگیز مواد، اشتعال انگیز تقاریر، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے تاکہ شہری پُرامن ماحول میں چہلم کی رسومات ادا کر سکیں۔