شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، عملے اور مریضوں کی بھرپور شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 15 اگست 2025 13:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2025ء) شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی جوش و جزبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید تھے۔ تقریب میں ہسپتال کے عملے اور مریضوں نے بھرپور شرکت کی۔
وقار الدین سید نے مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے صحت کے شعبے میں مستند معلومات کی اہمیت پر زور دیا اور آج کے ڈیجیٹل دور میں سائبر سیکیورٹی اور قومی سلامتی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
مہمان خصوصی نے خبردار کیا کہ جعلی خبریں اور غلط معلومات قومی مفاد کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن مواد شیئر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے پاکستان کی آزادی کے لیے قربانیاں دی تھیں، آج ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی ڈیجیٹل خودمختاری کا تحفظ کریں اور انتشار پھیلانے والوں سے محتاط رہیں۔


شفا انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہے زمانہ امن کا ہو، بحران کی صورت حال ہو یا ہنگامی حالات، شفا انٹرنیشنل کے ہیلتھ کیئر ہیروز ہمیشہ قوم کی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی مناتے ہوئے ہم معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں دکھائے گئے حوصلے اور اتحاد کی یاد بھی تازہ کر رہے ہیں، جس نے ثابت کیا کہ پاکستان ناقابلِ شکست ہے۔
آخر میں شفا انٹرنیشنل کے عملے نے عہد کیا کہ وہ ہمدردی، دیانتداری اور قومی ذمہ داری کے ساتھ بہترین طبی خدمات فراہم کرنے کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ تقریب حب الوطنی پر مبنی نعروں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔