آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں مینز سنگلز کا ٹائٹل غضنفر بلال اور ٹیم ایونٹ کا ٹائٹل اسلام آباد کی ٹیم نے جیت لیا

جمعہ 15 اگست 2025 16:07

آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں مینز سنگلز کا ٹائٹل غضنفر بلال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں مینز سنگلز کا ٹائٹل غضنفر بلال نے جیت لیا جبکہ اعجاز الرحمن نے دوسری اور دانیال شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ٹیم ایونٹ میں اسلام آباد کی ٹیم نے میدان مار لیا جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی ٹیمیں باالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام تھے۔

جنہوںنے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور کیش ایوارڈ تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن، سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ کامران خالد جنجوعہ، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن خواتین ونگ کی صدر میڈم صباء شمیم جدون اور پختون ایکشن کمیٹی کے صدر جاوید بنگش کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اور انہوں نے بھی مختلف کیٹیگریز کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

لیزر سٹی باؤلنگ کلب، صفا گولڈ میں کھیلی گئی چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کیٹگریز کے مقابلوں میں غضنفر بلال نے 492 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، اعجاز الرحمن نے 359 پوائنٹس کے ساتھ دوسری،دانیال شاہ نے 339 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور فہیم خان نے 307 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم ایونٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں اسلام آباد کی ٹیم کے کھلاڑیوں اعجاز الرحمن، دانیال اعجاز، اعزاز اعجاز اور افضال اختر نے 885 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ دوسری پوزیشن 694 پوائنٹس کے ساتھ خیبرپختونخوا کی ٹیم کے کھلاڑیوں دانیال شاہ، فہیم خان، شاہ رخ اور نوید الحق نے جیت لی جبکہ پنجاب ٹیم کیکھلاڑی محمد حسین چٹھہ، سیلم بیگ، جنید اور شہزاد 659 پوائنٹس کے تیسرے نمبر پر رہے۔