عوام کو کرپٹ، نااہل اور ظالم حکمران ٹولے سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا،کاشف سعید شیخ

جمعہ 15 اگست 2025 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ آج ہم 14اگست کا دن ایسے موقع پر منارہے ہیں جب 44.07 فی صد افراد اس ملک میں خط ِ غربت سے نیچے زندگی گزارہے ہیں اور 36 فی صد افراد ملک میں خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ شہری اور دیہی ترقی میں عدم توازن ہے اور بڑے شہروں کے مسائل سنگین رخ اختیار کرچکے ہیں، ملک پر سیاسی اور غیر سیاسی اشرافیہ کا قبضہ ہے جو مملکت خداداد کو عملی طور پر طاقت ور طبقات کی بنیاد پر ہم طبقاتی تقسیم کی بنیاد پر چلارہی ہیں۔

جماعت اسلامی ملک کو کرپشن، ناانصافی اور بیروزگاری سے پاک کرنے کے لیے مسلسل 87 سالوں سے جدوجہد کر رہی ہے۔قوم کو اب کرپٹ، نااہل اور ظالم حکمران ٹولے سے نجات حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھ کر جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی آزادی کی 78ویں سالگرہ کے کے موقع پر شکارپور تحصیل گڑھی یاسین میں جشن آزادی کے سلسلے میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع ر ضلعی امیر عبدالسمیع شمس بھٹی،عبدالعزیز بھٹو ودیگر مقامی قائدین بھی موجود تھے۔کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ کلمے کی بنیاد پر حاصل کی گئی اس مملکتِ خداداد کے عوام 78 سال گزرنے کے باوجود آج بھی حقیقی آزادی کے متلاشی ہیں۔نااہل حکمرانوں اور اشرافیہ کی ناکام معاشی وسیاسی پالیسیوں نے دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست کو IMF اور امریکہ کی غلامی میں دھکیل دیا ہے۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ۔ ملک کے دو صوبوں بلوچستان اور خیبر پختون خوا میںدہشتگردی اور بے چینی عروج پر ہے جس نے ریاستی رٹ کو بھی چیلنج کردیا ہے اور آج بھی ہماری سیاسی اور معاشی حیثیت کے فیصلے عالمی مالیاتی ادارے اور امریکہ سامراج کررہا ہے، ان حالات میں جماعت اسلامی نے یہ عزم کیا ہے کہ "خوشحال پاکستان، اسلامی پاکستان" کے لیے حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور ریاست عوام دشمن حکمرانوں کی سیاسی ومعاشی پالیسیوں کو ہر سطح پر چیلنج کریں گے،اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے تمام تر مسائل اور تکالیف کا حل نکالنے کیلئے وڈیروں، جاگیرداروں اور کرپٹ بیوروکریسی کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ان کے دکھوں کا مداوا ہوسکے۔