قائد اعظم کی قیادت، بصیرت اور پختہ عزم نے آزاد پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا،جاوید گل

ہمیں روشن مستقبل کیلئے قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول اپنانا ہونگے،تقریب سے خطاب

جمعہ 15 اگست 2025 18:26

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)جشن آزادی کے حوالے سے ایلیمنٹری ونگ کی مرکزی تقریب گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چہور سکھاں میں منعقد ہوئی، جسکی صدارت ہیڈ ماسٹر محمد شہباز نے کی،جبکہ ڈپٹی ڈی ای او جاوید گل اور اے ای او ڈاکٹر رضوان عباس مہمان خصوصی تھے،اس موقعہ پر ڈپٹی ڈی ای او جاوید گل، اے ای او ڈاکٹر رضوان عباس،محمد شجاع الرحمن بابر،حافظ محمد عدنان اور عبدالغفار نے خطاب کیا، ڈپٹی ڈی ای او جاوید گل نے اس دن کو آبا اجداد کی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی قرار دیا جنہوں نے پاکستان کے حصول کیلئے بے مثال جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت، بصیرت اور پختہ عزم نے آزاد پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا،ہمیں روشن مستقبل کیلئے قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول اپنانا ہونگے، انہوں نے افوا ج پاکستان کی بھی شاندار کاوشوں کی تعریف کی جنہو ں نے حال ہی میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران دشمن ملک کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور جرات و بہادری کی اعلی مثال قائم کی،انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی نے پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں کیا،اس کیلئے ہمارے آبا اجداد نے قربانیاں پیش کیں، پاکستان علامہ اقبال کا خواب تھا،قائد اعظم نے اس کی تعبیرکی، انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے،اس کی قدر ان محکوم قوموں سے پوچھیں جو ظلم بربریت کے خلاف سینہ سپر ہیں، آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب ملکر اس کی تعمیرو ترقی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے شہدا کو بھی خراج عقید ت پیش کیا جنہوں نے پاکستان بنانے کیلئے قربانیاں دیں۔