ربیع الاول کا چاند 24 اگست کو ہونے کا امکان ہے ، جس کے حساب سے 5 ستمبر کو 12 ربیع الاول متوقع ہے،سپارکو

جمعہ 15 اگست 2025 19:39

ربیع الاول کا چاند 24 اگست کو ہونے کا امکان ہے ، جس کے حساب سے 5 ستمبر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)کی جانب سے ربیع الاول کے چاند نظر آنے کے حوالے سے بڑی پیش گوئی سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر کے مسلمان ماہ ربیع الاول کا استقبال کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)نے چاند نظر آنے کی پیش گوئی کردی ہے۔

سپارکو نے ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کے حوالے سے بتایا کہ نئے چاند کی پیدائش 23 اگست 2025 کو صبح 11 بجکر 6 منٹ پر متوقع ہے اور 24 اگست 2025 کو غروب آفتاب تک چاند کی عمر تقریبا 32 گھنٹے اور 13 منٹ ہوگی۔ساحلی علاقوں میں، غروب آفتاب اور چاند غروب کے درمیان وقفہ تقریبا 45 منٹ ہونے کی توقع ہے، جو چاند دیکھنے کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گا، بشرطیکہ موسم صاف رہے۔

(جاری ہے)

اس پیشن گوئی کی بنیاد پر ربیع الاول کا چاند 24 اگست کو ہونے کا امکان ہے ، جس کے حساب سے 5 ستمبر کو 12 ربیع الاول متوقع ہے۔خیال رہے عید میلاد النبی مسلمانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ یہ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا دن ہے۔ مسلمان اس مہینے کی 12 تاریخ کو عید کے طور پر مناتے ہیں، مذہبی تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں، دعا کے لیے عوامی اجتماعات کا اہتمام کرتے ہیں، قرآن کی تلاوت کرتے ہیں، اور جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔