ڈی آئی خان، سی ٹی ڈی نے دہشتگردی منصوبہ ناکام بنا کر4دہشت گرد گرفتار کرلئے، اسلحہ ، بارود برآمد

جمعہ 15 اگست 2025 22:11

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا کر4دہشت گرد گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن،دستی بم و بارودی مواد برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی یونٹ ڈیرہ اسماعیل خان ، ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر علاقہ مٹھی بگوانی علاقہ تھانہ گومل یونیورسٹی میں کامیاب انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی (بالی کھیارہ گروپ)کے 4دہشتگرد گرفتار کئے گئے ۔

جن کی شناخت عمر فاروق ولد فدا حسین سکنہ بھٹیسر تحصیل پروا ، آصف علی عمر ولد حافظ فلک شیر چوہان سکنہ عمر فاروق ٹائون ، حسنین معاویہ ولد محمد سلیمان سکنہ پروا اور ہدایت اللہ ولد محمد نصیر بلوچ سکنہ گرہ مٹ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ڈی پی او نے بتایا کہ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وبارود برآمد کیا گیا ہے۔ڈی پی او نے بتایا کہ تھانہ سی ٹی ڈی پولیس نے ملزمان کیخلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔