کوہاٹ ،بھائی نے بہن کیساتھ مل کر یتیم بچیوں کے سامنے سگی بیوہ ہمشیرہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزمان گرفتار

جمعہ 15 اگست 2025 22:13

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) کوہاٹ شہر میں بھائی اور بہن نے مل کرکمسن یتیم بچیوں کے سامنے اپنی سگی بیوہ ہمشیرہ گھرکے اندر فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا تاہم پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر دونوں ملزم بہن بھائی کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس سٹیشن محمد ریاض شہید کی حدودمیں شہری علاقہ محلہ گڑھی مواز خان میں دن دیہاڑے سفاک ملزم واصف اورظالم بہن یسریٰ نے اپنی بیوہ ہمشیرہ تبسم ناز زوجہ فدا حسین مرحوم کو مبینہ طورپر گھر کے اندرداخل ہو کر پستول سے فائر کرکے ابدی نیند سلادیا۔

ملزمان مقتولہ ہمشیرہ کی دوسری شادی کرنے پر ناراض تھے۔مقتولہ کی 13 سالہ بیٹی پریہ کی رپورٹ کے مطابق ماموں محمدواصف نے خالہ یسریٰ عمرزوجہ عمر فاروق سکنہ جنگل خیل کے ہمراہ مل کر اس کی ماں تبسم ناز کوپستول سے انتہائی بے دردی سے قتل کیا۔

(جاری ہے)

پولیس سٹیشن سٹی اور جنگل خیل کی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واردات کے دوگھنٹوں کے اندراندر ملزم بہن بھائی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

ادھربعض ذرائع کے مطابق مقتولہ تبسم کو مرحوم خاوند کی وراثت کے پچاس لاکھ روپے کی رقم ملی تھی جسے ملزمان اپنی مقتولہ ہمشیرہ سے ہڑپ کرنا چاہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق مقتولہ کے انکار پر سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہن بھائی کا خون سفید ہوگیا اوردوسری شادی کا الزام لگاکراپنی ہمشیرہ کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔پولیس نے قتل کی واردات کی تفتیش شروع کردی ہے اور بہت جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔