جامع کلاتھ اور برنس روڈ کے علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار

جمعہ 15 اگست 2025 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)کی-الیکٹرک اور کراچی کی جامع کلاتھ اور برنس روڈ کی کمیونٹیز نے حال ہی میں اپنے علاقوں کے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ یہ پیشرفت کی-الیکٹرک کی مقامی کمیونٹی کے ساتھ مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جس کے باعث لائن لاسز میں کمی اور بلوں کی وصولی میں بہتری آئی ہے۔

جامع کلاتھ فیڈر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دیے جانے کے بعد، اب یہ علاقہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے مستفید ہو رہا ہے، جس کا براہِ راست فائدہ ہزاروں رہائشی اور تجارتی صارفین کو پہنچ رہا ہے۔ یہ کامیابی کی-الیکٹرک کی ہمہ جہت حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جس میں کمیونٹی کے ساتھ تعاون، اسٹیک ہولڈرز سے روابط، بجلی چوری میں کمی اور بلوں کی بروقت ادائیگی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پیش رفت کراچی کو 2030 تک 90 فیصد لوڈشیڈنگ سے مستثنی کرنے کے کی-الیکٹرک کے وسیع تر وژن کی جانب ایک اور قدم ہے۔کی-الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ "یہ کامیابی اجتماعی کوششوں کے فوائد کی عکاسی کرتی ہے۔ صارفین کی جانب سے بلوں کی بروقت ادائیگی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے کی-الیکٹرک کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں کراچی کے متعدد علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار پاتے جا رہے ہیں۔

ان کوششوں کی بدولت کی-الیکٹرک نے اپنے 70 فیصد فیڈر نیٹ ورک کو لوڈشیڈنگ سے مستثنی بنا دیا ہے۔ کی-الیکٹرک اپنے نیٹ ورک کا سہ ماہی بنیادوں پر ڈیٹا پر مبنی جائزہ لیتا ہے تاکہ شفافیت اور درستگی یقینی بنائی جا سکے۔ کمپنی ان کمیونٹی نمائندگان اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے پرعزم ہے جو قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کے سفر میں ادارے کا ساتھ دینا چاہتے ہیں۔"