مصر میں پاکستانی سفارتخانہ میں معرکہ حق اور یوم آزادی کی پر وقار تقریب

جمعہ 15 اگست 2025 20:20

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) مصر میں پاکستانی سفارتخانہ نے معرکہ حق کے جشن اور یوم آزادی کی خوشی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ مصر میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل سکول قاہرہ کے طلباء نے ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

طلباء نے معرکہ حق کی جیت اور آزادی کے جذبے کو موثر انداز میں اجاگر کیا اور تقریب کے شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔ مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے معرکہ حق کے دوران وطن عزیز کا بے مثال دفاع کرنے پر افواج پاکستان کی دلیری اور پوری قوم کے غیر متزلزل جذبے کو شاندار سلام اور خراج تحسین پیش کیا۔ عامر شوکت نے پاکستان کے قیام میں آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی سفارتخانہ میں منعقدہ معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں بهرپور شرکت پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی مصر کے سماجی، معاشی اور مختلف شعبوں میں بھرپور خدمات پیش کرنے اور پاکستان و مصر کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ سفیر نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے، ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کی بدولت پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

اب اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر اپنی تمام صلاحیتیوں کو بروئے کار لانا ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔سفیر عامر شوکت نے کہا کہ مئی 2025 میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان نے ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پر عالمی برادری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ تقریب کے دوران وطن عزیز کے قیام کی خاطر قربانی دینے والے افراد، دفاع وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے عسکری و سویلین حکام اور عام پاکستانی افراد کی روح کے ایصال ثواب اور وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ معرکہ حق میں کامیابی اور جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔