سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کی تکلیف ہمارے لیے مشترکہ درد کی مانند ہے ، وزیر اعلی بلوچستان

جمعہ 15 اگست 2025 21:25

’کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی خصوصا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے وزیر اعلی نے کہا کہ یہ قدرتی آفات انسان کے اختیار سے باہر ہیں لیکن ان کے دکھ اور اثرات ہر دل کو مغموم کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کڑا وقت ہے اور ایسی ہی صورتحال سے 2022 میں سندھ اور بلوچستان کے عوام بھی گزر چکے ہیں اس لیے ہم بخوبی جانتے ہیں کہ ایسے سانحات کس قدر تکلیف دہ اور آزمائش بھرے ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کو افسردہ کر دیا ہے اور بلوچستان کے عوام اپنے خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں وزیر اعلی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کی تکلیف ہمارے لیے مشترکہ درد کی مانند ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے وزیر اعلی بلوچستان نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے بھی دعا کی اور اس المناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا