چیئرمین نیب کا ویژن ،نوجوانوں میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کی مہم کا آغاز

نیب لاہور کے آگاہی و تدارک ونگ کی جانب سے مختلف کالجز کے اساتذہ ،طالبات کیلئے مطالعاتی دورے کا اہتمام

جمعہ 15 اگست 2025 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور نے چیئرمین نیب کے ویژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے نوجوانوں میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ۔ اس مہم کے تحت، نیب لاہور کے آگاہی و تدارک ونگ نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، شالیمار اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، وحدت روڑ کے اساتذہ اور طالبات پر مشتمل وفد کے لیے ایک مطالعاتی دورہ کا انتظام کیا جس کا مقصد معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے میں نیب کے کردار اور نوجوان نسل کی اہمیت سے روشناس کروانا تھا۔

ڈائریکٹر نیب آگاہی و تدارک ونگ، عمران سہیل کی نگرانی میں نیب افسران نے طالبات وفد کا استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران، وفد کو نیب کے مینڈیٹ اور اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی اور بیورو کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران طلبا کی جانب سے بدعنوانی کے موضوع پر بنائی گئی ڈاکومنٹری بھی وفد کو دکھائی گئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر نیب لاہور عمران سہیل نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں نوجوانوں کی تعداد کا تناسب دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کی بدعنوانی کی قیمت پورے معاشرے کو چکانا پڑتی ہے جبکہ جھوٹ، فریب اور بددیانتی جیسے عناصر ملک میں کرپشن کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے نئی نسل میں بدعنوانی کے خلاف شمع روشن کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مطالعاتی دورے میں شامل طالبات نے اس دورے کو نہایت معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب لاہور کے دورے سے آگاہی ملی کہ وہ خود کو کرپشن سے کیسے بچایا جاسکتا ہے اور ملکی دفاع و کرپشن کے خاتمہ کیلئے قومی اداروں کا ساتھ دینا کس حد تک ضروری ہے۔

اس موقع پر وفد کی نگران لیکچرر نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے طلبا کے کردار کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں اور عوام کے مابین فاصلہ کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے نیب بیورو کے ماحول کو دیگر سرکاری اداروں سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد بڑھانے کے لیے باہمی روابط کو مضبوط کرنا بہت ضروری ہے۔دورے کے اختتام پر، وفد میں شامل اساتذہ کو نیب لاہور کی جانب سے شیلڈز سے نوازا گیا جبکہ طالبات کو سرٹیفکیٹس اور گفٹ پیکس دیئے گئے۔

دورے کے شرکا اور نیب افسران نے ایک یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ دورہ کے اختتام اس عزم پر ہوا کہ مطالعاتی دورے اس بات کی ضمانت ہیں کہ نوجوان نسل ملک کی ترقی میں بدعنوانی کے خلاف اپنے کردار کو مثر طریقے سے ادا کر سکے گی۔