خواجہ نافع رن آؤٹ ہونے پر غصے میں آگئے، بلا زمین پر دے مارا‘ویڈیو وائرل

ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران خواجہ نافع رن آؤٹ ہونے پر یاسر خان پر بھڑک اٹھے

ہفتہ 16 اگست 2025 13:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)پاکستان شاہینز کے اوپننگ بیٹر خواجہ نافع رن آؤٹ ہونے پر غصے میں آگئے اور بلا زمین پر دے مارا۔بنگلادیش اے کے خلاف ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران خواجہ نافع رن آؤٹ ہونے پر یاسر خان پر بھڑک اٹھے۔اوپنرز نے بیٹنگ کا شاندار آغاز کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے 100 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔

(جاری ہے)

تاہم 12ویں اوور کی پہلی گیند پر یاسر نے شاٹ کی کوشش کی لیکن گیند وکٹ کیپر کے قریب آکر رک گئی۔نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود نافع سنگل کے لیے بھاگ گئے لیکن دونوں بلے بازوں کے درمیان مکس اپ کے نتیجے میں وہ رن آؤٹ ہوئے۔خواجہ نافع نے 31 گیندوں پر 61 رنز بنائے تھے جس میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے، آؤٹ ہونے کے بعد ان کا یاسر کے ساتھ گرما گرم بحث ہوئی اور انہوں نے بلے کو زمین پر پھینک دیا۔اس کے بعد یاسر خان بھی 40 گیندوں پر 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلادیش اے کو پہلے ٹی 20 میچ میں باآسانی 76 رنز شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔