لندن ،تارکین وطن گروپوں کا احتجاج ، بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کی مذمت

ہفتہ 16 اگست 2025 17:27

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن گروپوں نے بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم، بنگالی مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف لندن میں احتجاج کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق، جنوبی ایشیاء یکجہتی گروپ اور دیگر تارکین وطن تنظیموں کے درجنوں کارکن لندن کے گورڈن اسکوائر پر جمع ہوئے، نعرے لگائے ، مزاحمتی نظمیں پڑھیں اور گیت گائے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ بھارتی شہری ہونے کے باوجود بنگالی مسلمانوں کو حراست، تشدد، گھروں کی مسماری اور یہاں تک کہ بنگلہ دیش جلاوطنی کا سامنا ہے۔ بنگالیوں کو محض مسلمان ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مظاہرین نے نہ صرف بھارتی مسلمانوں، دلتوں اور عیسائیوں کے ساتھ بلکہ اسرائیلی درندگی کا شکار غزہ کے لوگوں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں، بشمول اقلیتوں پر حملوں، بلڈوزر کارروائی، مقبوضہ جموںو کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائی کی مذمت کی۔