چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا سیلاب سے ہونے والی اموات پر اظہار افسوس، حکومتی تعاون کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 16 اگست 2025 17:53

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان  کا سیلاب سے ہونے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بادل پھٹنے اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہفتہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کے شہر بونیر میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے بریفنگ لی اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کو محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے جبکہ نوجوان رضاکاروں کو امداد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے پی ایم ایل این ہر طرح کے تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم سوگوار ہے، جاں بحق اور زخمیوں کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے ملحقہ علاقوں میں پلوں کے گرنے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے لیکن حکومت امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دعاؤں میں متاثرین کو یاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے تیز ردعمل اور امدادی کوششوں کے عزم سے متاثرہ خاندانوں میں امید پیدا ہوئی ہے اور قوم ضرورت کی اس گھڑی میں متحد ہے۔