شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ

ہفتہ 16 اگست 2025 18:32

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت صدر زیر العابدین آفریدی ایڈوکیٹ منعقد ہوا۔اجلاس میں نائب صدر شاہ فہد انصاری ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری محسن علی ایڈوکیٹ، جائنٹ سیکرٹری فہیم احمد بلوچ ایڈوکیٹ، سیکرٹری لائبریرن تنویر عباس ایڈوکیٹ، ممبران یاسر جبران ، حبیب اللہ خان ، عارف حسین نیازی ایڈوکیٹ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حالیہ شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع خصوصا بونیر، سوات، دیر، شانگلہ اور ملحقہ علاقوں میں شدید تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، اس آفت کے نتیجے میں نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں بلکہ مکانات، فصلیں، مویشی اور بنیادی ڈھانچہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور حکومتِ خیبر پختونخوا، وفاقی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے، متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور ان کے لیے خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔