Live Updates

ریسکیو 1122 مری کی جانب سے مون سون سیزن میں شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی گئیں

ہفتہ 16 اگست 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مون سون بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم احتیاطی تدابیر جاری کر دی ہیں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) اور ضلعی انتظامیہ مری کی ہدایت پر یہ اقدامات شہریوں کی بروقت رہنمائی اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق مون سون کی بارشیں اگرچہ خوشگوار موسم کا پیغام لاتی ہیں لیکن بعض اوقات خطرناک حادثات اور ہنگامی صورتحال کا بھی باعث بن سکتی ہیں۔ اس موقع پر شہریوں کا محتاط رویہ اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہی سب سے مؤثر دفاع ثابت ہو سکتا ہے۔ریسکیو 1122 نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں یا گیلی تاروں کو ہرگز نہ چھوئیں، ٹوٹی یا ننگی تاروں سے دور رہیں اور اپنے جانوروں کو بھی ان کے قریب نہ جانے دیں۔

(جاری ہے)

گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے سے بھی اجتناب کریں کیونکہ آسمانی بجلی گرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ بہتے یا کھڑے پانی میں گاڑی نہ چلائیں اور پیدل چلنے سے بھی گریز کریں کیونکہ سڑکوں پر چھپے گڑھے یا رکاوٹیں حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔ بچوں کو بارش میں کھیلنے یا نہانے سے روکنا والدین کی ذمہ داری ہے تاکہ کسی بھی خطرے سے بچا جا سکے۔

ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش میں گاڑیاں آہستہ چلائیں، چھوٹے گیئر کا استعمال کریں، ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس آن رکھیں جبکہ اچانک بریک لگانے یا تیز رفتاری سے مکمل طور پر اجتناب کریں۔ریسکیو حکام کے مطابق مون سون کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے کنارے جانا انتہائی خطرناک ہے کیونکہ پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح کمزور یا پرانی چھتوں اور دیواروں کے نیچے بیٹھنے یا کھڑے ہونے سے پرہیز کیا جائے، جبکہ تیز ہواؤں میں درختوں، کھمبوں اور سائن بورڈز کے قریب جانے سے بھی گریز کیا جائے۔

ریسکیو 1122 مری نے واضح کیا کہ شہریوں کی حفاظت صرف اداروں کی نہیں بلکہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہم ایک محفوظ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 پر کال کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات