ویرات اور روہت نے ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کیوں لی سابق کرکٹر نے بھانڈا پھوڑ دیا

بی سی سی آئی کی اندرونی سیاست نے انہیں ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کیا‘ کرسن گھاوری کا بڑا انکشاف

اتوار 17 اگست 2025 12:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق سابق بھارتی کرکٹر کرسن گھاوری نے بڑا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2025 مئی میں اچانک بھارت کے دو بڑے کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیکر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے یہ فیصلہ بارڈر گاوسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کے خلاف بدترین کارکردگی کے بعد کیا گیا تھا تاہم سابق بھارتی کرکٹر کرسن گھاوری نے اس معاملے پر اہم انکشاف کرکے نیا پنڈورا کھول دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق کرسن نے انکشاف کیا کہ ویرات اور روہت مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے لیکن بی سی سی آئی کی اندرونی سیاست نے انہیں ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوہلی مزید دو سال بھارت کے لیے کھیل سکتے تھے لیکن کچھ ایسا ہوا جس نے انہیں ریٹائرمنٹ پر مجبور کر دیا۔اُنہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے دونوں عظیم کھلاڑیوں کوالوداعی میچ تک نہیں دیا۔ ایسے عظیم کھلاڑی کو شاندار اور شایانِ شان الوداعی میچ ملنا چاہیے تھا۔گھاوری کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور بی سی سی آئی کی ’’چھوٹی موٹی سیاست’’کے باعث لیا گیا تھا، ورنہ نہ ویرات اور نہ ہی روہت اپنی مرضی سے کھیل چھوڑنے کے حق میں تھے۔