ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز، دوسرے میچ میں پرتھ سکارچرز نے پاکستان شاہینز کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان کے فیصل اکرم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم ان کی یہ کوشش ٹیم کو فتح نہ دلا سکی

اتوار 17 اگست 2025 12:30

ڈارون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پرتھ سکارچرز نے پاکستان شاہینز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔ میچ میں پاکستان کے فیصل اکرم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم ان کی یہ کوشش ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر پوری ٹیم 18.5 اوورز میں صرف 111 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اننگز کے دوران وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ سعد مسعود 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پرتھ سکارچرز کی جانب سے میتھیو کیلی نے تین جبکہ لیوک ہالٹ، براڈی کوچ اور برائس جیکسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پرتھ سکارچرز کو ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر فیصل اکرم کی تباہ کن بائولنگ کے باعث، جنہوں نے صرف 16 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جوئیل کرٹس 31 رنز کے ساتھ سکارچرز کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے جبکہ نکولس ہابسن نے 27 رنز بنائے۔ ٹیم نے ہدف 18.1 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔پاکستان شاہینز کی جانب سے عبید شاہ، وسیم جونیئر اور سعد مسعود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان شاہینز اپنا اگلا میچ 18 اگست کو میلبرن رینیگیڈز کے خلاف کھیلے گی۔