سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کی ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر وائرل

اب مجھے کوچنگ کا موقع مل رہا ہے، لارڈز پہنچنے کے بعد دیکھیں میری کس سے ملاقات ہوگئی‘ثانیہ خان

منگل 19 اگست 2025 15:37

سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کی ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر وائرل
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)پاکستانی قومی ویمن ٹیم کی سابق کرکٹر ثانیہ خان کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔بھارتی میڈیا کی جانب سے تصویر کی بنیاد پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان کو بھارتی میڈیا نے نہ پہچانتے ہوئے کوہلی کا فین قرار دے دیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ثانیہ خان نے عالمی شہرت یافتہ بلے باز ویرات کوہلی اور اپنے ساتھی کوچ کے ساتھ تصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔ ثانیہ خان کو یہ تصاویر لارڈز میں انڈور ٹریننگ کے دوران بنانے کا موقع مل گیا تھا۔سابق پاکستانی ویمن کرکٹر ثانیہ خان نے کہا کہ لارڈز پہنچنا اتنا آسان سفر نہیں تھا، اب مجھے کوچنگ کا موقع مل رہا ہے، لارڈز پہنچنے کے بعد دیکھیں میری کس سے ملاقات ہوگئی۔

(جاری ہے)

سابق پاکستانی کھلاڑی نے کہا کہ میں نے تین سال کے دوران انگلینڈ میں کوچنگ کورسز کیے ہیں، اب میں لارڈز کی کوچنگ ٹیم میں شامل ہوں، یہاں گرلز کرکٹرز کے ساتھ کام کروں گی۔اُنہوں نے کہا کہ کوہلی کے ساتھ ملاقات گزشتہ ہفتے ہوئی تھی،لارڈز میں نیٹ سیشن کے لیے ویرات کوہلی آئے تھے تو اس دوران ان کے ساتھ تصویر بنوانے کا موقع ملا۔واضح رہے کہ پاکستانی سابق ویمن کرکٹر ثانیہ خان نے 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، جبکہ سابق پاکستانی کرکٹر کچھ عرصے قبل انگلینڈ چلی گئی تھیں۔