ناروے میں تاریخ رقم کرنے والے لیاری ونڈرز حکومتی توجہ کے منتظر

منگل 19 اگست 2025 15:37

ناروے میں تاریخ رقم کرنے والے لیاری ونڈرز حکومتی توجہ کے منتظر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) ناروے میں دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے لیاری ونڈرز حکومتی توجہ کے منٹظر ہیں۔فٹبال انڈر 15 کے ہیڈ کوچ عبدالراشد اور لیاری بوائز کی پوری ٹیم ایک نجی ٹی وی کی مہمان بنی، جہاں ہیڈ کوچ عبدالراشد نے کہا ہے کہ لیاری ونڈرز نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں کھیلے گئے دنیا کا سب سے بڑا یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ ’’ناروے کپ 2025‘‘ جیت کر تاریخ رقم کی اور پاکستان نے پہلی بار یورپ میں گولڈ میڈل جیتا اور لڑکے ٹرافی لے کر آئے۔

ہیڈ کوچ نے فٹبال ہو یا باکسنگ بچے ہر کھیل میں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ لیکن حکومت نے فٹبال پر کبھی توجہ نہ دی۔ اگر حکومت خاص طور پر گراس روٹ لیول پر اس کھیل کو سہولتیں فراہم کرے اور ان بچوں کی پذیرائی کرے تو یہی بچے دنیا بھر میں پاکستان کا ڈنکا بجا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالراشد نے مزید کہا کہ ٹیم کی سندھ میں تو پذیرائی ہو رہی ہے۔

لیکن اصل شکوہ وفاقی حکومت سے ہے۔ یہ صرف لیاری کی ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی ٹیم ہے۔ وزیراعظم تاریخ رقم کرنے والے ان بچوں کو کیوں اپنے پاس نہیں بلاتے۔ہیڈ کوچ نے کہا ہم چاہتے ہیں فٹبال کھیلنے والے بیرون ملک پاکستان کا نام بلند کرنے والے ان بچوں کی حکومت پذیرائی کرے اور جائز مقام دے۔ پاکستان میں فٹبال ایک بار پھر عروج پر آ رہی ہے۔ 2024 میں بیٹر فیوچر نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا جب کہ اس سال تو تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔