یومِ آزادی، تھلیسیمیا کے بچوں کے ساتھ طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ہیلپ انٹرنیشنل فانڈیشن کا مشترکہ اقدام

اتوار 17 اگست 2025 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ہیلپ انٹرنیشنل فائونڈیشن نے یومِ آزادی کے موقع پر تھلیسیمیا کے معصوم بچوں کے ساتھ جشن منانے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں اندرونِ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے آنے والے بچے اور ان کے والدین شریک ہوئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ریڈ کریسنٹ سندھ، ریحان ہاشمی تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نکاح یا بی فارم بنوانے کے وقت HB Forasis ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے سے یہ واضح ہو سکے گا کہ کون سے کیسز minor ہیں اور کون سے high risk، اور اس طرح آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے گا۔صدر طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن، شائستہ بخاری نے کہا کہ آج تھلیسیمیا کے بچوں کے ساتھ یہ پروگرام کرنے کا مقصد ان بچوں کا حوصلہ بڑھانا اور عوام میں اس بیماری کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ آگے آئیں، خون کے عطیات دیں، ان بچوں اور ان کے والدین کے حوصلے کو سراہیں، اور ہم سب کو مل کر ان کے روشن مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔تقریب میں بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں، تحائف اور کیک کا اہتمام کیا گیا، جبکہ والدین کو آگاہی مواد فراہم کیا گیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی و ترقی کی دعا کے ساتھ کیا گیا۔ طاہرہ بیگم میموریل ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ہیلپ انٹرنیشنل فائونڈیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی تھلیسیمیا کے خلاف آگاہی اور فلاحی خدمات جاری رکھیں گے۔