پولیس کی جانب سےمسیحی عبادت گاہوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

اتوار 17 اگست 2025 15:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) سیالکوٹ پولیس کی جانب سے اتوار کو مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اور جامع انتظامات کیے گئے۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں گرجا گھروں اور دیگر مقدس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تاکہ مسیحی برادری کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ تمام عبادت گاہوں کے باہر چاق و چوبند پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ عبادت میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ سینیئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی عمل کا جائزہ لیتے اور اہلکاروں کو بریف کرتے رہے۔ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور بیریئرز کی تنصیب کو یقینی بنایا گیا جبکہ محافظ اسکواڈ اور ایلیٹ فورس کے دستے مسلسل گشت پر مامور رہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اقلیتی برادریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔