گلگت بلتستان میں سیلابی تباہ کاریاں، ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز، متاثرین کی بحالی کیلئے 97 کروڑ جاری

اتوار 17 اگست 2025 15:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، متعدد اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق غذر کا گاؤں دائین صفحہ ہستی سے مٹ گیا ہے جہاں پانی و بجلی کی بحالی پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ضلع کھرمنگ میں ماں بیٹی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا،لاپتہ ماں بیٹی کی تلاش میں ریسکیو ٹیمیں تاحال مصروف ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ نلتر ایکسپریس وے کا ایک حصہ بہہ جانے کے بعد پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، جب کہ شاہراہ بلتستان کو باغیچہ اور استک کے مقامات پر بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور شام تک ٹریفک کی جزوی بحالی متوقع ہے۔