صوبائی وزیر ارشد ایوب کا مینگورہ سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

اتوار 17 اگست 2025 16:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشن اور دیہی ترقی خیبرپختونخوا ارشد ایوب نے مینگورہ سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مکان باغ، بنگلہ دیش، ملا بابا، تحصیل میونسپل آفس مینگورہ اور سوات پریس کلب ودیگر متاثرہ مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تنویر الرحمان اور سوات کے تمام تحصیل میونسپل آفیسرز بھی موجود تھے۔

چیف ایگزیکٹیو نے وزیر بلدیات کو جاری بحالی و مرمتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اسکیموں کی بحالی، سیوریج اور نکاسی آب کی لائنوں کی مرمت و صفائی، سڑکوں اور گلیوں سے ملبہ اور مٹی ہٹانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں اور بھاری مشینری زیادہ متاثرہ علاقوں میں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیر بلدیات ارشد ایوب نے ڈبلیو ایس ایس سی سوات اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحالی کے کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ فیلڈ اسٹاف اور دستیاب مشینری کو پوری طرح استعمال میں لایا جائے اور اگر ضرورت پیش آئے تو اضافی ورکرز اور عملہ روزانہ کی بنیاد پر دیگر مقامات سے بھی فراہم کیا جائے تاکہ بحالی کا عمل کسی بھی صورت سست روی کا شکار نہ ہو۔

بعد ازاں وزیر بلدیات کے ہمراہ وزیر لائیو اسٹاک و فشریز فضل حکیم خان، مشیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، ڈیڈیک چیئرمین اختر خان ایڈوکیٹ، اراکین صوبائی اسمبلی محمد نعیم، علی شاہ، رکن قومی اسمبلی سلیم الرحمان، میئر بابوزئی شاہد علی اور میئر بحرین شاہد علی نے امدادی و بحالی کاموں کے حوالے سے ایک تفصیلی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور بحالی کے عمل کو تیز تر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی گئی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کی سہولت اور آمدورفت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے لہٰذا یہ کام جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے حکومت کی جانب سے فنڈز بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی و ترقیاتی اقدامات کو تیزی سے مکمل کیاجاسکے۔