پی ٹی اے کا ریلیف آپریشن جاری،سیلاب متاثرہ صارفین کیلئے مفت کالز، 72 فیصد ٹیلی کام سائٹس بحال

اتوار 17 اگست 2025 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) مشکل اور قومی ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) سیلولر موبائل آپریٹرز ( سی ایم اوز) کے ساتھ مل کر تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امدادی اقدامات کے طور پر سی ایم اوز کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صارفین کو مفت آن نیٹ وائس کالز (ایک ہی نیٹ ورک) کی پیشکش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین، بشمول صفر بیلنس والے صارف کواپنے اہل خانہ اور ہنگامی خدمات کے ساتھ اس مشکل وقت میں جڑے رہنے کی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ پی ٹی اے نے کہا ہے کہ متاثرہ ٹیلی کام سائٹس میں سے 72 فیصد سے زیادہ پہلے ہی بحال ہو چکی ہیں جبکہ پی ٹی اے، سی ایم اوز کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن سے بقیہ سائٹس کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

پی ٹی اے نے ٹیلی کام صارفین کو مدد فراہم کرنے میں سی ایم اوز کی بروقت کوششوں کو سراہا ہے اور بلاتعطل رابطے کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔ پی ٹی اے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی کڑی نگرانی کرتا رہے گا اور بروقت اپ ڈیٹ فراہم کرے گا۔