ْکوہاٹ ،گولڈ مائننگ کمپنی میں موجود 2 ہزار سے زائد مزدوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم

اتوار 17 اگست 2025 19:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے کوہاٹ کی حدودمیں دریائے سندھ کے کنارے کام کرنے والی گولڈ مائننگ کمپنی میں موجود 2 ہزار سے زائد مزدوروں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے ان کی جانیں محفوظ رہ سکیں۔ انسانی جان سب سے قیمتی ہے اورمزدور ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں۔

ان کی حفاظت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔یہ احکامات انہوں نے گزشتہ روز پولیس اور متعلقہ حکام کے ہمراہ کوہاٹ کی حدود میں دریائے سندھ کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے جاری کئے ۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ انہار، محکمہ معدنیات اور ریسکیو 1122 کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر کوہاٹ نے دریائے سندھ میں پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوںنے ہدایت کی کہ دریائے سندھ کے کناروں پر مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور فوری حفاظتی اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ کا کہناتھا کہ غیر قانونی مائننگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی سرگرمی انسانی جان کو خطرے میں ڈالے گی اسے فوری طور پر روکا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ کمپنی کے ذمہ داروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے علاقے کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر بروقت اقدامات ممکن ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :