الخدمت فانڈیشن سوات کا متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر فلاحی مشن

اتوار 17 اگست 2025 20:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)الخدمت فاؤنڈیشن سوات نے حسب روایت عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریلیف مشن شروع کر دیا ہے،اس مشن کا مقصد متاثرہ عوام کو فوری ریلیف اور سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں آسانی کے ساتھ گزر بسر کر سکیں۔فانڈیشن کی تقریباً 20ٹیمیں دن رات ہزاروں متاثرہ افراد تک ریلیف پہنچانے میں سرگرم ہیں،ان ٹیموں کی سرگرمیوں میں صاف پانی کی فراہمی، خوراک کی تقسیم، انفراسٹرکچر کی بحالی اور ایمبولینس سروس شامل ہیں۔

ترجمان الخدمت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے پیش نظر پانی کے ٹینکرز اور فلٹر شدہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ گندے تالابوں اور جمع شدہ پانی کی صفائی بھی جاری ہے تاکہ بیماریوں کے خطرات کم کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز اور پکا ہوا کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔مزید برآں بعض مقامات پر سڑکوں، راستوں اور نالیوں کی مرمت و صفائی کا کام جاری ہے، تاکہ آمدورفت بحال ہو سکے۔

فانڈیشن کی ایمبولینس سروس بھی متاثرہ مریضوں اور ضرورت مند افراد کے لیے ہر وقت موجود ہے جس کے ذریعے مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ریلیف سرگرمیاں بنگلہ دیش، لنڈیکس، امانکوٹ، مینگورہ شہر، رحیم آباد، مکان باغ اور دیگر نواحی علاقوں میں بیک وقت جاری ہیں۔ الخدمت فانڈیشن نے اعادہ کیا ہے کہ خدمت خلق کا یہ سلسلہ مزید تیز رفتاری کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور مستقبل میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے پائیدار اقدامات کیے جائیں گے۔