رواں سال پنجاب بھر میں 5 کروڑ 10 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کردیا گیا

پنجاب بھر میں 16 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہیں، رواں مون سون سیزن میں 2 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا منصوبہ ہے۔ ترجمان محکمہ جنگلات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 اگست 2025 19:27

رواں سال پنجاب بھر میں 5 کروڑ 10 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کردیا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19 اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ثمرا ت ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ ترجمان محکمہ جنگلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ سالوں کی نسبت فاریسٹ کور میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب بھر میں جنگلات 16 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر مشتمل ہیں جبکہ ساڑھے 12 لاکھ ایکڑ سے زیادہ رقبے پر فاریسٹ کور موجود ہے۔

جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ٹیکنالوجی کے استعمال سے گزشتہ سال کی نسبت 4 ہزار ایکڑ رقبہ آگ سے محفوظ بنایا گیا۔
”چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان“کے تحت رواں سال پنجاب بھر میں 5 کروڑ 10 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رواں مون سون سیزن میں 2 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا منصوبہ ہے جبکہ اب تک 32 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں۔

ریموٹ سینسنگ اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے جنگلات کی کٹائی اور فاریسٹ فائرز میں نمایاں کمی آئی ہے۔سیلاب کی روک تھام کے لیے نہروں اور سڑکوں کے کناروں پر بھی شجرکاری جاری ہے۔ چھانگا مانگا، لال سوہانرا نیشنل پارک، کالا چٹا نیشنل پارک، لاشاری والا جنگل بیلا اور رکھ جھوک سمیت تمام بڑے جنگلات کی ازسر نو بحالی جاری ہے۔پہلی بار فاریسٹ آپریشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں فاریسٹ کور اور پروٹیکشن بڑھانے کے لیے 5 سالہ منصوبہ بندی کی گئی۔

 
اپ اسکلینگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت اب تک 367 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں۔ مالی سال- 25 2024 میں ”چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان“ پروگرام کے تحت 10 ملین سے زائد پودے لگائے گئے۔ترجمان محکمہ جنگلات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن کے تحت ماحول دوست اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔