وزیراعظم، محسن نقوی ،وفاقی کابینہ مدنی مسجد کی بے حرمتی ،قرآن پاک کو شہید کرنے کے ذمہ دار ہیں‘ چودھری پرویزالٰہی

منگل 19 اگست 2025 22:59

وزیراعظم، محسن نقوی ،وفاقی کابینہ مدنی مسجد کی بے حرمتی ،قرآن پاک کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں واقع مدنی مسجد کو شہید کرنے کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے، پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا ہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حکومت کے زیرنگرانی اس طرح کا اقدام نہایت ہی شرم کا مقام ہے، وزیراعظم، محسن نقوی اور وفاقی کابینہ مسجد کی بے حرمتی اور اس میں موجود قرآن پاک کو شہید کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ کسی ایک پارٹی یا سیاست کی بات نہیں، مساجد اور ایمان کی حفاظت کا معاملہ ہے، مسجدوں کو شہید کرنے پر آواز اٹھانا تمام مسلمانوں کا فرض ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ حکومت اللہ کے قہر سے ڈرے اور ایسے اقدامات سے باز رہے، میری اپیل ہے کہ عین اسی مقام پر مدنی مسجد کی فی الفور تعمیر کی جائے، جمعہ کے دن تمام لوگ پرامن طریقے سے اس مسجد میں آئیں اور یہاں نماز ادا کریں۔