Live Updates

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کاپاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

پیر 18 اگست 2025 02:10

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ اتوار کو انہوں نے مدد کی درخواست کی صورت میں عالمی اداروں کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار رہنے کا بھی کہا۔ ترجمان سٹیفن ڈوجارک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےسیکرٹری جنرل متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اپنی مخلصانہ تعزیت پیش کرتے ہیں اور اس آفت سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر مدد کی درخواست کی جائے تو ہم مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں دو دن کی شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب کے بعد 300 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ سیلاب نے خیبر پختونخواکے دور دراز پہاڑی شمالی حصے کو متاثر کیا، اس سال کے مون سون سیزن کی سب سے مہلک بارش میں بادلوں کے پھٹنے، تیز سیلاب، آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات شامل ہیں۔ستمبر 2022 میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے تباہ کن سیلابوں کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات