بلوچستان حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ

پیر 18 اگست 2025 11:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) بلوچستان حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کردی گئی ۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ صوبوں کے عوام کی فوری ضروریات کے پیش نظر امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے ،امدادی کھیپ میں بنیادی ضرورت کی اشیا اور نان فوڈ آئٹمز شامل ہیں جو متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پندرہ سو اور خیبر پختونخوا کے ایک ہزار متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان بھجوایا گیا ، ترجمان شاہد رند اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے سامان متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان حکومت مشکل کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مدد دراصل بلوچستان حکومت کی انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے دکھ، درد اور وسائل متاثرہ صوبوں کے عوام کے ساتھ بانٹنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے بھجوایا جانے والا امدادی سامان اعلیٰ معیار کا ہے اور اس میں وہ اشیا شامل کی گئی ہیں جو ان کی فوری ضرورت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریلیف آئٹمز کو باقاعدہ جانچ اور معیاری پیمانوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو عملی سہولت فراہم ہو سکے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ادارے نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ متاثرین تک پہنچنے والا ہر آئٹم معیاری اور استعمال کے قابل ہو،بلوچستان حکومت نے امدادی سامان کی فراہمی کو نہ صرف بروقت بلکہ مؤثر انداز میں یقینی بنایا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ بانٹے جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور متاثرہ خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔\932