بی ایف اے انڈر 15 ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں پاکستان کا کامیاب آغاز

پیر 18 اگست 2025 13:32

بی ایف اے انڈر 15 ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں پاکستان کا کامیاب آغاز
تائے پی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)بی ایف اے انڈر 15 ایشین بیس بال چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے گروپ کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 2-16 سے شکست دے دی۔تائیوان میں ایونٹ کے پہلے روز پاکستان ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ 5 اننگز پر مشتمل میچ میں قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے دباؤ قائم رکھا اور ہر اننگ میں رنز اسکور کیے۔

پہلی اننگ میں 2، دوسری میں 2، تیسری میں 4، چوتھی میں 5 اور پانچویں اننگ میں مزید 3 رنز بناکر پاکستان نے مجموعی طور پر 10 ہٹس پر 16 رنز اسکور کیے، جبکہ حریف ٹیم محض 2 رنز تک محدود رہی۔پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ نے بھرپور کارکردگی دکھائی۔ اوکاشہ اسرا ر سب سے نمایاں رہے انہوں نے 2 ڈبلز، 4 رنز بٹڈ ان (RBIs)، 2 بیس آن بالز اور 2 اسٹولن بیس کے ساتھ ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

(جاری ہے)

واحد اللہ نے 2 رنز بٹڈ ان اور 3 اسٹولن بیس حاصل کیے، جبکہ احترام خان نے ایک ٹرپل، ایک رنز بٹڈ ان اور ایک سیکریفائس ہٹ کھیل کر شاندار کھیل پیش کیا۔ امیر جان خان، مصطفیٰ غازی، شاہ سکندر، شہزاد خان اور عمار خان نے بھی ٹیم کے اسکور میں حصہ ڈالا۔دوسری جانب عاطف محمد نے 3 اننگز میں صرف ایک ہٹ دیتے ہوئے 6 آؤٹ بھی کیے اور کوئی رن نہیں دیا۔

احترام خان نے 0.1 اننگز اور شہزاد خان نے 1.2 اننگز کرائیں جن میں صرف 2 رنز دیے گئے۔پاکستان نے مجموعی طور پر 9 اسٹولن بیس بھی حاصل کیے۔ اگرچہ قومی ٹیم نے 3 فیلڈنگ ایررز کیے، لیکن جارحانہ بیٹنگ اور عمدہ بولنگ کے باعث جیت ایک بڑے مارجن سے پاکستان کے نام رہی۔پاکستان اب اپنے دوسرے میچ میں آج میزبان چائینیز تائپے کے خلاف میدان میں اترے گا۔