حکومت ملک میں ٹین پن باؤلنگ کے کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کرے، اعزاز اعجاز

پیر 18 اگست 2025 14:25

حکومت ملک میں ٹین پن باؤلنگ کے کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کرے، اعزاز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ٹین پن باؤلنگ کے قومی کھلاڑی اعزاز اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ٹین پن باؤلنگ کے کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں ٹین پن باؤلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کھیلی گئی آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کے ڈبلز کا ٹائٹل اسلام آباد کی ٹیم کے جیتنے پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا،جس ٹیم کا وہ بھی حصہ تھے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ جس میں بہت سا نیا ٹیلنٹ بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت ملک کے دوسرے شہروں میں ایونٹ میں شرکت کرتے ہیں، اس کے علاوہ یا پھر پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن ہماری تھوڑی بہت معاونت کردیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپورٹس بورڈ کو فعال کیا جائے تاکہ اسلام آباد کے کھلاڑیوں کو بھی وسائل اور سہولیات میسر ہوں سکیں۔