Live Updates

کراچی میں 3 سے 4 دنوں میں تیز بارشوں کا امکان ہی: موسمیاتی تجزیہ کار

23 اگست تک جاری رہنے والے سسٹم کے دوران دو سے تین اسپیل آسکتے ہیں، شہر کے بیشتر مقامات پر 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے جبکہ چند مقامات پر 70 سے 80 اور کہیں کہیں 100 ملی میٹر بارش کا امکان ہے،جوادمیمن

پیر 18 اگست 2025 16:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں 3 سے 4 دنوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے، شہر میں سمندری ہوا رکی ہوئی ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں شدید حبس محسوس کیا جا رہا ہے، حبس اور مرطوب موسم مون سون سسٹم کو تقویت دیتے ہیں۔ موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ 23 اگست تک جاری رہنے والے سسٹم کے دوران دو سے تین اسپیل آسکتے ہیں۔

سپیل کے دوران شہر کے بیشتر مقامات پر 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے جبکہ چند مقامات پر 70 سے 80 اور کہیں کہیں 100 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اور ہوا کا کم دبائو 25 اگست کے قریب خلیج بنگال میں بن سکتا ہے، اگست کے آخری دنوں میں بھی کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان رہے گا۔

(جاری ہے)

جواد میمن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو ملک کے اکثر علاقوں میں محسوس کیا جا رہا ہے۔

کچھ حد تک بارش کی شدت کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے، کلائوڈ برسٹ اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کرنا ناممکن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 2022 سے شروع ہوا، ہر گزرتے سال بارشوں، سردیوں اور گرمیوں کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔ گلگت اور کشمیر کے علاقوں میں درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر بڑھ رہا ہے۔ جس حساب سے جنگل ختم کیے جا رہے ہیں اسی لحاظ سے شجر کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات