گرمیوں کی چھٹیاں ختم،نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کی پڑھائی شروع

پیر 18 اگست 2025 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) گرمی کی طویل چھٹیوں کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق پرائمری اور مڈل کلاسز یعنی پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے دوبارہ شروع ہوں گی، یہ فیصلہ تمام نجی اور سرکاری سکولوں پر یکساں طور پر نافذ العمل ہو گا۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کی صحت اور گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کے طلبہ پیر کے روز سے سکولوں اور کالجوں میں واپس آ گئے اور معمول کے مطابق تدریسی عمل شروع ہو چکا ہے تاہم پہلے روز سکولوں میں طلباء کی حاضری معمول سے کم رہی۔پہلے روز سکول آنے والے طلبہ و طالبات ایک دوسرے سے گرمجوشی سے ملے اور ایک دوسرے کو موسم گرما میں اپنی سر گرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔یاد رہے کہ رواں برس گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کو معمول سے زیادہ تعطیلات دی گئی تھیں۔