امیر مقام سے چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان اور جی ایم سید نواز کی ملاقات،سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا

پیر 18 اگست 2025 17:14

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان اور جنرل منیجر این ایچ اے سید نواز نے ملاقات کی جس دوران حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ شانگلہ، بونیر ، سوات اور گرد و نواح کے علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے ہنگامی اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اہم انفراسٹرکچر کی فوری بحالی پر توجہ مرکوز کی گئی جو متاثرہ علاقوں میں منقطع شدہ کمیونٹیز کو دوبارہ جوڑنے اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔چیئرمین این ایچ اے اور ان کی ٹیم نے وفاقی وزیر کو جاری بحالی کے کاموں، زمینی سطح پر درپیش چیلنجز اور تیز رفتار بحالی کے لیے مجوزہ حکمتِ عملیوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر زور دیا کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم کی براہ راست نگرانی میں تمام سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے کاموں پر متحرک انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی جو مواصلاتی نیٹ ورکس کی تعمیرِ نو میں مصروف ہیں۔ملاقات میں این ایچ اے سوات کے ڈائریکٹر گوہر علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر انور عثمان بھی موجود تھے جنہوں نے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی مقامی ٹیموں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔