شہری کی عدم بازیابی کیس، آر پی او گوجرانولہ کو براہِ راست نگرانی کی ہدایت

موبائل فون ڈیٹا ،جیو فینسنگ کا ریکارڈ طلب ،دوران سماعت آر پی او گوجرانولہ کی تعریف

پیر 18 اگست 2025 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے شہری کی عدم بازیابی کیس میں آر پی او گوجرانولہ کو براہِ راست نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے 26ستمبر تک مہلت دیدی، عدالت نے موبائل فون ڈیٹا اور جیو فینسنگ کا ریکارڈ طلب کر لیا، عدالت نے دوران سماعت آر پی او گوجرانولہ طیب حفیظ چیمہ کی تعریف بھی کی۔جسٹس فاروق حیدر نے شہری عثمان علی کی جانب سے دائر درخواست پر مغوی علی حسن کی عدم بازیابی کیس کی سماعت کی ،سماعت کے دوران آر پی او گوجرانولہ طیب حفیظ چیمہ، ڈی پی او منڈی بہائوالدین وسیم احمد اور ڈی پی او گجرات عدالت میں پیش ہوئے۔

آر پی او گوجرانولہ نے اب تک کیے گئے اقدامات کی رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کی ۔عدالت نے استفسار کیا کہ جس رات مغوی کو اغواء کیا گیا، کیا کسی کیمرے میں کوئی گاڑی نظر آئی کیا مقامی لوگوں کے بیانات قلمبند کیے گئی اس پر آر پی او گوجرانولہ نے بتایا کہ 13مقامی افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیئے کہ وہاں ٹاور ہوگا، اس رات کون کون سے موبائل کی موجودگی ظاہر ہو رہی ہے، یہ چیک کریں۔

ٹاور کے ڈیٹا سے پتہ چل جائے گا کہ یہ واقعی اغوا کا کیس ہے یا کچھ اور۔ڈی پی او منڈی بہائوالدین نے موقف اختیار کیا کہ مغوی کے زیر استعمال چار موبائل نمبر بند ہیں اور جیو فینسنگ کے حوالے سے مطلوبہ ڈیٹا دستیاب نہیں۔ آر پی او گوجرانولہ نے عدالت کو بتایا کہ ٹاور ڈیٹا کے حصول کے لیے مزید وقت درکار ہے کیونکہ لاکھوں نمبرز سامنے آئیں گے۔جسٹس فاروق حیدر نے آر پی او گوجرانولہ طیب حفیظ چیمہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کارکردگی اور شہرت اچھی ہے، آپ خالی جمع تفریق نہیں کرتے۔

آپ خود اس معاملے کی نگرانی کریں جبکہ ڈی پی او منڈی بہائوالدین اور گجرات کوششیں جاری رکھیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہے کیونکہ ایک طرف شہری کے اغوا کا مقدمہ درج ہے جبکہ دوسری جانب اسے اشتہاری بھی قرار دیا گیا ہے۔عدالت نے مغوی کی بازیابی کے لیے براہِ راست اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آر پی او گوجرانولہ کو 26ستمبر تک مہلت دے دی اور مزید سماعت اسی تاریخ تک ملتوی کر دی۔