کیپیٹل مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ، کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی 140,000 پوائنٹس کی حد عبور کی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

پیر 18 اگست 2025 17:55

کیپیٹل مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ، کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) اس تقریب میں پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے اہم اسٹیک ہولڈرز، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX)، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (CDC)، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (NCCPL)، ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA) کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا سے خطاب کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا قیام ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اسٹاکس MSCI فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکسز میں شامل ہو سکیں۔ حال ہی میں ہماری سیمنٹ سیکٹر کی تین کمپنیوں کے اسٹاکس MSCI FM انڈیکس میں شامل ہوئے ہیں جو مسلسل مثبت منافع کی بدولت ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

محمد اورنگزیب نے مزید کہا:یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے تاریخی 140,000 پوائنٹس کی حد عبور کی ہے۔

یہ کامیابی مارکیٹ کے اعتماد اور مسلسل منافع کی غمازی کرتی ہے، جو پاکستان کے مالیاتی شعبے کو مزید مستحکم کرے گی۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، کے ایس ای 100 انڈیکس نے 29.6 فیصد کی شاندار اوسط سالانہ شرح نمو (CAGR) دکھائی ہے جبکہ پالیسی ریٹ کا اوسط 13.6 فیصد رہا ہے۔ بالخصوص مالی سال 24 میں 89.2 فیصد کا غیر معمولی منافع ریکارڈ ہوا، اور مالی سال 25 میں اب تک 60.2 فیصد کی شاندار کارکردگی جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے دو اہم ترجیحات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا:پہلا چیلنج ہماری تیزی سے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی ہے۔ ہمیں نئی سرمایہ کاری، کاروباری مواقع اور روزگار تخلیق کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دوسرا بڑا چیلنج ماحولیاتی تبدیلی ہے جس میں پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

گزشتہ برسوں میں ہم نے اس کے تباہ کن اثرات دیکھے ہیں اور ہم عالمی شراکت داروں، خصوصا ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر ماحولیاتی فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مستقبل کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔سیمینار میں شریک اسٹیک ہولڈرز نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا اور زور دیا کہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کو مزید مضبوط کرنے کے لیے استحکام، ریگولیٹری اصلاحات اور جدید مالیاتی آلات نہایت ضروری ہیں۔

آخر میں، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حکومت کے عزم کو دہرایا:ہماری کیپیٹل مارکیٹس مستقبل کی معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ مسلسل اصلاحات، ادارہ جاتی ترقی اور نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے پاکستان اپنی اصل صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا اور نوجوانوں کے لیے بے شمار روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔