وائلڈ لائف رینجر ز نے جنگلی سور کے غیر قانونی شکار کی کوشش ناکام بنا دی، 7ملزمان چالان

پیر 18 اگست 2025 19:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اورسیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی قیادت میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکاراورکاروبارکے خلاف موثر کریک ڈائون جاری ہے اورجس کے نتیجے میں دو مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر مری محمد ابرار اور اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے بروقت کارروائی کرکے خونخوار کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار کی کوشش ناکام بنا کر 7ملزمان کو مبلغ 1لاکھ 55ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اور کیس نمٹادیئے ۔

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر مری محمد ابرار نے وائلڈ لائف رینجرز کے ہمراہ معمول کی گشت کے دوران کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار کی تیاری میں مصروف 6ملزمان کو بروقت گرفتار کرکے شکار کی کوشش ناکام بنادی اور ملزمان کی درخواست پر مجموعی طور پر مبلغ 1لاکھ 20ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ۔

(جاری ہے)

اسیطرح کی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار کی کوشش کرنے پر ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مبلغ 35ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا ۔