بجلی چوری کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی، چیف ایگزیکٹو لیسکو

پیر 18 اگست 2025 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )ہیڈکوارٹر میں چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرِ صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کمپنی کے تمام اہم امور،کارکردگی اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔چیف ایگزیکٹونے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لیسکو میں بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے کاروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لائن اسٹاف اور عوام کی جان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے،ہر ملازم سیفٹی اصولوں پر مکمل عمل کرے،اس حوالے سے تمام سرکلز میں سیفٹی سیمینارز بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بلنگ سسٹم میں شفافیت کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانے اور صارفین کو معیاری سروس فراہم کرنے کیلئے تمام شعبہ جات کو اپنی ذمہ داریاں مزید تندہی سے ادا کرنا ہوں گی تاکہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں اعجاز بھٹی (ڈائریکٹر آپریشنز)،عباس علی (ڈائریکٹر کسٹمر سروسز)،احمد سعید(چیف فنانس آفیسر)،محمد جعفر مرتضیٰ(ڈی جی میراڈ)،فیصل زکریا(چیف انجینئر پلاننگ)،احمد فواد(سیفٹی ڈائریکٹر)،عمران محمود(چیف انجینئر پی ایم یو)،عثمان جرال (چیف آئی ٹی آفیسر)، گوہر آفتاب(چیف لیگل آفیسر)، ضمیر حسین کلاچی(ڈائریکٹر ایچ آر)،معصومہ عادل(ڈی جی ایڈمن) اورذوالفقار بلوچ(چیف انجینئر پی آئی یو) نے شرکت کی۔