پنجاب کلین ائیر پروگرام کے تحت سپرسیڈر، پاک سیڈر کی فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب

پیر 18 اگست 2025 21:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ماحول دوست پروگرام ’’ پنجاب کلین ائیر پروگرام‘‘ کے تحت 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز ، پاک سیڈرز کی فراہمی کے لئے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق اس ضمن میں لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، چکوال، جہلم، راولپنڈی، اٹک، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اورراجن پورکے کاشتکار درخواست جمع کر انے کیلئے اہل ہیں۔

اس ضمن میں درخواست فارم مقامی محکمہ زراعت (توسیع) کےضلعی دفاتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

شرائط و ضوابط درخواست فارم پر درج ہیں۔اس پروگرام میں شامل ہونے کیلئے کاشتکار مکمل شدہ درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا ضلعی ڈائریکٹر زرا عت (توسیع) کے دفاترمیں 15 ستمبر2025 ء تک جمع کراسکتے ہیں۔ مزید معلومات کیلئے کاشتکار بروز سوموار تا ہفتہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ایگریکلچرل ہیلپ لائن0800-17000 پر کال کر سکتے ہیں۔