ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری

پیر 18 اگست 2025 21:40

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں اور تمام ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس/فنانس)سوات سید نعمان علی شاہ نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں لینڈیکس، بنگلہ دیش، ملا بابا، شریف آباد، الہدی مسجد اور خپل کور ماڈل سکول سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔

اس دوران انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو ضرورت کے مطابق نان فوڈ آئٹمز (NFIs) فراہم کیے گئے جن میں کمبل، فوم، خیمے، مچھر دانیاں، برتن، صفائی و حفظانِ صحت کا سامان شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت دی کہ امدادی سرگرمیوں کو مزید موثر اور منظم بنایا جائے تاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان بنیادی سہولت سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات، صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ریسکیو 1122، ریونیو، پولیس، ٹی ایم ایز اور ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے باہمی تعاون سے متاثرین سیلاب کو ریلیف فراہم کیا جا رہاہے۔