این اے 129 ضمنی انتخاب، پیپلز پارٹی کا امیدوار نہ دینے کا فیصلہ

پیر 18 اگست 2025 21:45

۔لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء)این اے 129 ضمنی انتخاب کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے حلقہ میں اپنا امیدوار نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ قومی اسمبلی کا یہ حلقہ میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا اور ضمنی انتخاب پاکستان بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان قبل ازیں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت عام انتخابات میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی جماعت کو ضمنی الیکشن میں امیدوار لانے کا حق حاصل ہوگا، جبکہ دیگر اتحادی جماعتیں اس کی حمایت کریں گی۔ اسی معاہدے کے تحت پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ابتدا میں پیپلز پارٹی نے این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے دو امیدواروں کی درخواستیں وصول کی تھیں، تاہم ٹکٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کرنے کی تجویز دی ہے۔سینئر رہنما نیئر حسین بخاری نے وضاحت کی ہے کہ تاحال باضابطہ فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی اور امیدوار کو ٹکٹ دینا ہے یا نہیں، یہ قیادت کی مشاورت سے طے ہوگا۔