الخدمت نے کراچی میں 71ویںRO واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا

پلانٹ کا افتتاح چیف ایگز یکٹو نویدعلی بیگ اور ٹاؤن چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فوادنے کیا ،افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں اہل علاقہ کی شرکت

پیر 18 اگست 2025 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)الخدمت نے کراچی میں 71ویںRO واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا ۔ROواٹر فلٹریشن پلانٹ گلشن اقبال بلاک 7میں گلشن اقبال ٹاؤن کے تعاون سے لگایا گیا ہے ۔واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ اور چیئر مین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد نے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر الخدمت واش پروگرام گوہرالاسلام ،وائس چیئر مین گلشن اقبال ٹاؤن ابراہیم صدیقی ،امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر،منیجر واش پروگرام سعد اکبر موجود تھے جبکہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کا کراچی میں یہ 71واں پلانٹ ہے اور الخدمت لوگوں کو پینے کا صاف اور معیاری پانی فراہم کررہی ہے ،الخدمت کے پلانٹس پرپانی ارزاں نرخوں پر فراہم کیا جاتا ہے ،الخدمت کے پاس پانی کی جانچ کا نظام موجود ہے جہاں پانی کے معیار کی باقاعدگی سے جانچ کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس وقت شہریوں کو صاف پینے کا پانی میسر نہیں ۔آلودہ پانی زندگی کیلئے خطر ہ ہے ۔واٹر پلانتس کے علاوہ بھی ۔الخد مت کے پانی کے سیکڑوں منصوبے جاری ہیں ۔الخدمت پسماندہ اور پانی کی عدم دستیابی والے علاقوں میں سبمر سیبل پمپس اور ہینڈ پمس کے ساتھ ساتھ بورنگ بھی کرواتی ہے ،الخدمت کے تحت کنوویں بھی کھدوائے جاتے ہیں ۔انہوں کہا کہ الخدمت 8شعبہ جات میں کام کر رہی ہے جو زندگی کے تقریباً تمام شعبہ جات کو ر کرتے ہیں ۔

ہم پورے شہر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کر کے شہریوں کو پینے کا صاف اور معیاری پانی فراہم کر نا چاہتے ہیں ۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ اس کار خیر میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔انہوں نے گلشن ٹاؤن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب میں الخدمت کے معاون بنے ،نوید علی بیگ نے کہا کہ واٹرفلٹریشن پلانٹ سے لوگوںکو بڑی سہولت میسر آئے گی ۔چیئر مین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد نے کہا الخدمت بلاامتیاز لوگوں کی خدمت کر رہی ہے اور عوام اس پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم الخدمت کے ساتھ دیگر منصوبوں میں بھی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو صاف اور معیاری پینے کا صاف پانی میسر آسکے ۔