Live Updates

بالائی پنجاب میں ممکنہ کلاوڈ برسٹ، دیگر اضلاع میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر پنجاب پولیس ہائی الرٹ

پیر 18 اگست 2025 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بالائی پنجاب میں ممکنہ کلاوڈ برسٹ اور دیگر اضلاع میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے مری، راولپنڈی، جہلم اور چکوال سمیت متعلقہ اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

پولیس ٹیموں کو ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں ریسکیو آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز ممکنہ سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔ پولیس فورس امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ضلعی حکومت اور ریسکیو اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس، متاثرہ افراد کی امداد اور سکیورٹی کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار شہریوں کی جان ومال اور املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ سیلاب کے ممکنہ خطرات سے درپیش علاقوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ سیلاب متاثرین کو تحفظ، کھانا، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے کنٹرول سنٹرز سے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات